شریف فیملی کے دفاتر پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں: رانا ثناء اللہ

Last Updated On 15 February,2020 03:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا شریف فیملی کے دفاتر پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، جو کچھ ہو رہا ہے اس کے نتائج ملک اور جمہوریت کے حق میں بہتر نہیں، انتقامی کارروائیوں سے تلخیاں بڑھیں گی۔

لاہور میں سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا والد کے علاج کیلئے مریم نواز کا پاس ہونا فطری حق ہے، مریم نواز کو نواز شریف کے پاس جانے کی اجازت دی جائے، حکومت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالے۔ انہوں نے کہا نیب نے شریف فیملی کے کمپنیز دفاتر پر آج دوبارہ چھاپہ مارا، نیب چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، انتقامی عمل جاری رکھنے سے تلخیوں میں اضافہ اچھا نہیں ہوگا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا یہ لوگوں کو چور ڈاکو کہتے ہیں یہ خود وارداتیے ہیں، مہنگائی سے 200 ارب کا عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا، حکومت کی جانب سے انتہائی شرمناک ریلیف پیکج دیا گیا، انہوں نے عوام کی جیبوں پر اربوں کا ڈاکا ڈالا اور اپنی اے ٹی ایم بھریں، 200 ارب کا ڈاکا ڈالنے کے بعد 5 ارب کا ریلیف پیکج دے دیا گیا، حکومت کا ماہانہ 2 ارب روپے کا پیکج عوام کے ساتھ مذاق ہے۔
 

Advertisement