عالمی سطح پر بھی ممالک میں مساوات نہیں ہے: انتونیو گوتریس

Last Updated On 18 February,2020 02:23 pm

لاہور: (دنیان یوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بھی ممالک میں مساوات نہیں ہے، افراد اور ممالک میں مساوات قائم کرنا آسان نہیں، طویل عمل ہے۔

 یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 21 ویں صدی میں نوجوانوں کا اقوام متحدہ میں اہم کردار ہوگا، اداروں کے درمیان مباحثہ ضروری ہے، مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر نصاب میں تبدیلی کرنا ہوگی، موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنا ہوں گے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا سلامتی کونسل کے صرف 5 ممالک کے پاس ویٹو پاور ہے، سیکیورٹی کونسل کے صرف 5 ممالک کے پاس ویٹو پاور ہونا عدم مساوات کی مثال ہے۔

 سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو کنڈر گارٹن سکول ڈی ایچ اے لاہور پہنچنے پر بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ان کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بچوں سے ملاقات کی اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔ اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔

اقوم متحدہ کی خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین معروف ا داکارہ ماہرہ خان نے انتونیو گتریس سے ملاقات کی۔ انتونیو گوتریس نے ماہرہ خان کی جانب سے مہاجرین کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یہ اعتراف کیا کہ امن مشنز میں خدمات دینے والی کچھ بہادر خواتین اور مردوں سے ملاقات متاثر کن تھی۔ انہوں نے ٹوئٹس میں لکھا اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان سب سے بڑا شراکت دار ہے، امن مشن کے لیے خدمات دینے والی کچھ بہادر خواتین اور مردوں سے ملاقات متاثر کن تھی، ان افراد نے امن کے قیام کے لیے کام کیا، آپ کی قربانی اور خدمات کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 

Advertisement