مارچ میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی، فردوس عاشق اعوان پرامید

Last Updated On 02 March,2020 07:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے عملی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سی پی آئی کے مطابق خوراک کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں رواں سال جنوری کی چودہ اعشاریہ چھ  فیصد کی شرح کے مقابلے میں کم ہو کر فروری میں 12.4 فیصد ہو گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں 13.4 فیصد (جنوری) سے کم ہو کر 11.2 فیصد (فروری) ہو گئیں جبکہ دیہی علاقوں میں 16.3 فیصد سے کم ہو کر 14.2 فیصد پر آچکی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ یہ کمی روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیوں میں بھی دیکھنے میں آئیں جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔ کھانے پینے کی قیمتیں جنوری میں 19.5 فیصد تھیں جو فروری میں کم ہو کر 15.2 دو فیصد ہوگئیں جبکہ کھانے پینے سے ہٹ کر دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ڈبل سے سنگل ڈجٹ میں آچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں قیمتوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔