جمعہ تک موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ، الرٹ جاری

Last Updated On 04 March,2020 08:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بدھ کے روز لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، خیبر پختونخوا میں بھی بادل خوب برسے۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کے روز اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پوٹھوہار اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے پہاڑی ندی نالوں میں بروز جمعرات اور جمعہ طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوی دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ اور کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں بروز جمعہ اور ہفتہ طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ موسلا دھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کشمیر، گلگت، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراؤں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ غیر معمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے خیبر پختو نخوا اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

 

 

Advertisement