حکومتی اقدامات ناکافی، کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے: شاہد خاقان عباسی

Last Updated On 17 March,2020 06:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس موذی وبا سے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیدیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے اچھے اقدامات کیے لیکن پنجاب کو ایک شہباز شریف کی ضرورت ہے بزدار صاحب کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تفتان کے راستے بہت لوگ ملک میں آئے اور پورے ملک میں پھیل گئے۔ ہماری اطلاع کے مطابق 500 کے قریب لوگ پنجاب میں پھیل چکے ہیں۔ حکومت نے ایران سے آںے والے زائرین کے معاملے میں ناکام ہوئی۔ حکومت نے ٹینٹ لگائے جہاں بیمار اور صحت مند لوگوں کو اکھٹا رکھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس باہر سے آیا جس کا ابھی تک کوئی علاج ہی نہیں ہے۔ تاہم اس سے بچاؤ کیلئے بھی حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔ آج حکومت کے پاس اس خطرے کے لئے کوئی رسپانس نہیں ہے۔ ہم نے کئی ہفتے ضائع کر دیے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ حکومت پر تکیہ نہ کریں بلکہ خود اس موذی مرض سے بچنے کیلئے احتیاط برتیں۔
 

Advertisement