کورونا وائرس: پنجاب حکومت کا سندھ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 19 March,2020 12:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے سندھ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ افسران کو مراسلہ جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی تا حکم ثانی برقرار رہے گی۔

یاد رہے سندھ میں انٹرسٹی بس سروس پر بھی عارضی پابندی لگائی گئی ہے۔ صوبے بھر میں ریسٹورنٹ اور مالز بھی بند ہیں۔ ریسٹورنٹس صرف پارسل دے سکتے ہیں۔

 ادھر ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 310 تک جاپہنچی۔ پنجاب میں وائرس سے 33، بلوچستان میں 23، خیبرپختونخوا 19، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 8 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص کرونا سے متاثر ہے۔ سندھ بھر میں مریضوں کی تعداد 211 تک پہنچ گئی، صوبہ میں 41 افراد کو مقامی طور پر وائرس منتقل ہوا۔

صورتحال کے پیش نظر کمشنر کراچی نے وفاق سے ایکسپو سینٹر میں آئسولیشن سینٹر اور فیلڈ ہسپتال بنانے کی درخواست کر دی جس پر وفاقی حکومت نے رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ ایس آئی یو ٹی میں بھی کرونا وائرس کی ٹیسٹ کٹس فراہم کر دی گئی ہیں، آئسولیشن سینٹر بھی بنا دیا گیا۔

پاکستان میں کرونا وائرس نے 2 افراد کی جان لے لی۔ مرنے والے افراد میں ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا ہنگو سے تھا۔ مرادان میں 50 سالہ شخص کو ایک روز قبل میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا، سعادت خان گزشتہ ہفتے ہی عمرہ کر کے واپس آیا تھا۔

ہلاکت کے بعد مردان انتظامیہ نے منگاہ کے علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا جبکہ علاقے میں آمد ورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، علاقہ مکینوں کی سکریننگ کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ جان لیوا وائرس نے ہنگو کے رہائشی 36 سالہ شخص کی جان بھی لے لی، متاثرہ شخص لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زیر علاج تھا۔

Advertisement