پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری،وبا سےمتاثرافراد کی تعداد 2547 ہوگئی

Last Updated On 03 April,2020 11:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 2547 ہو چکی ہے۔ صوبہ پنجاب اس وبا سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک 977 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

اب تک اس وبا میں مبتلا 37 افراد کی جانیں جا چکی ہیں، 10 کی حالت تشویشناک جبکہ 126 صحتیاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 97 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 4 اموات ہوئیں۔

دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو سندھ 783، گلگت بلتستان 190، خیبر پختونخوا 343 اسلام آباد 68، بلوچستان 175، جبکہ آزاد کشمیر میں 11 کورونا وائرس کے مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور صوبہ پنجاب کی صورتحال

پنجاب میں کورونا وائرس کے 977 کنفرم مریض ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے 11 اموات ہوئیں جبکہ 6 مریض صحتیاب ہو چکے۔ لاہور میں 5 نئے مریض سامنے آنے کے بعد شہر میں کل تعداد 204 ہو گئی ہے۔

ڈی جی خان سے 213 زائرین، ملتان 91 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین 142 اور فیصل آباد کورنٹین میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میں 204، قصور 1، ننکانہ صاحب 13، راولپنڈی 53، جہلم 28، اٹک میں ایک، گوجرانوالہ میں 14، گجرات 91، منڈی بہاء الدین 14، حافظ آباد 5، نارووال میں 2، سیالکوٹ میں ایک، سرگودھا 10، میانوالی 3، خوشاب 1، ملتان 2، وہاڑی 8، فیصل آباد 9، رحیم یار خان 3، بہاولنگر 3، بہاولپور 1، لودھراں 2، لیہ ایک اور ڈی جی خان میں 5 مریض ہیں۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں 3 گھنٹے مکمل لاک ڈاؤن، سڑکیں ویران، گلیاں سنسان

ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ سے متعلق حکومتی احکامات پر عوام نے بھرپور عمل کیا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤ ن رہا، نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی کے باعث مساجد میں پیش امام، موذن اور انتظامیہ سمیت 5 افراد کو نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی، لاک ڈاؤن کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز گھروں میں ہی ادا کی، سندھ کے مختلف شہروں میں بھی شہریوں نے حکومتی احکامات پر من وعن عمل کیا۔

پنجاب میں بھی محدود پیمانے پر نماز جمعہ ادا کی گئی۔ حکومت کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ لاہور کی بادشاہی مسجد میں نمازیوں نے مناسب فاصلے پر کھڑے ہو کر نماز ادا کی، عوام کی بڑی تعداد گھروں میں ہی رہی۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی شہریوں نے نماز سے متعلق حکومتی احکامات بھرپور طریقے سے عمل کیا۔

کورونا وائرس صورتحال پریشان کن نہیں، اعدادوشمار نہ چھپائے جائیں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادو شمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وبا سے متعلق ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جاری کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبوں کو ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔ وبا سے متعلق کوئی بھی معلومات چھپانا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الحمد للہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پریشان کن نہیں، حکومتی اقدامات اور تمام اداروں کی محنت سے کنٹرول میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل تک اسی طرح کی پابندیاں جاری رکھی جائیں گی، اس کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے فیصلے کریں گے۔

عثمان بزدار کا لاہور کے علاقوں کا فضائی دورہ، لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا، عثمان بزدار نے حکومتی اداروں کی جانب سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس، پاک فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، فضائی دورے میں عثمان بزدار نے مشاہدہ کیا کہ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر اور مارکٹیں سنسان تھیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں، عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا پولیس، پاک فوج اور رینجرز میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے، مختلف شہروں کے دورے کر کے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو کورونا سے بچانا ان کا مشن ہے، کورونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر ٹرانسپورٹر اور تاجر برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 17069 ٹیسٹ کئے: یاسمین راشد

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے حوالے سے 17069 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی لیب میں 4039 ٹیسٹ کئے گئے، نشتر ہسپتال ملتان میں 500 ٹیسٹ، شوکت خانم ہسپتال میں 2238 ٹیسٹ کیے جو فری کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ لیب اسلام آباد میں بھی 2980 ٹیسٹ کیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں 7312 ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طورپر 920 پازیٹو جبکہ 16149 ٹیسٹ نیگٹو آئے ہیں۔

وبائی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہے، چودھری پرویز الہیٰ

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار ہر مشکل گھڑی میں مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں، قوم ان کی خدمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

چودھری پنجاب اسمبلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا جنگ میں ریسکیو کا ادارہ پریشان لوگوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ اہلکار، پاک فوج، رینجرز، ڈاکٹرز، پولیس اور دیگر اداروں کی طرح اپنا فریضہ احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ریسکیو والے اپنی جان خطرے میں ڈال کر منظم طریقے سے مریضوں کی ہسپتال اور قرنطینہ منتقلی کے علاوہ تدفین کا عمل بھی سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ انتقال کی صورت میں تدفین کیلئے ریسکیو 1122 نہایت شاندار خدمات انجام دے رہا ہے۔ تدفین سے قبل میت کو مکمل طور پر disinfect کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایکسپو سینٹر میں قرنطینہ کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی ان کی خدمات کی تعریف ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں۔ ریسکیو اہلکار دن رات جس طرح عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، اس کا اعتراف بھی ضروری ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 ایسا ادارہ ہے جو انفرادی اور اجتماعی مشکل کی ہر گھڑی میں مصیبت زدہ کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔ ریسیکو کے اہلکار اپنی جان کی پروا کیے بغیر عوام کی خدمت کیلئے ایک کال پر موقع پر پہنچ رہے ہیں۔

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 13 ہوگئی

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد تعداد 13 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دو اموات کراچی میں ہی ہوئیں۔

مریضوں کی عمر 82 اور 60 سال تھی۔ دونوں مریضوں میں یکم اپریل کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ یہ مقامی طور پر منتقلی کے کیسز تھے۔ ان میں سے 60 سالہ مریض کو دل کی بیماری تھی اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے جبکہ 82 سالہ مریض کو گردوں کے مسائل کا سامنا تھا۔

وزیراعظم کی ٹائیگر فورس میں 4 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ

کورونا وائرس کے سدباب کیلئے قائم کی گئی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن کے دوسرے روز ہی نوجوانوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ مجموعی طور پر 4 لاکھ 8 ہزار سے زائد نوجوان خود کو ٹائیگر فورس میں رجسٹر کروا چکے ہیں جس میں 9 ہزار سے زائد خواتین رضا کار بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عثمان ڈار نے بتایا کہ پنجاب بھر سے 2 لاکھ 76 ہزار، سندھ سے 62 ہزار 839، خیبر پختونخوا سے 52 ہزار 171، جبکہ بلوچستان سے 3 ہزار 13 نوجوان وزیراعظم کی رضا کار ٹیم میں شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت سے 6 ہزار 408 نوجوان، آزاد کشمیر سے 4 ہزار173  اور گلگت بلتستان سے رجسٹرڈ ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 1 ہزار 549 ہے۔


لاہور شہر میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ

صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے کی چھوٹ کے بعد باہر آنے والے شہریوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر بھی اب سختی ہوگئی۔ خیال رہے کہ شہر میں مارکیٹیں اور دکانیں بند ہونے کے بعد بھی شہری بلا ضرورت گھومتے پھرتے نظر آتے تھے۔

اب انتظامیہ نے غیر ضروری طور پر باہر آنے والے شہریوں سے حتمی طور پر نمٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایمبولینس، گڈز ٹرانسپورٹ، میڈیا، ڈاکٹرز اور پولیس کے علاوہ غیر ضروری افراد کو باہر نکلنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایسے تمام افراد کیخلاف دفعہ 144 کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سی سی پی او لاہور کی جانب سے جاری ہدایت میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صبح 8 سے رات 8 کے درمیان اپنے ضروری کام نمٹا لیں۔ رات 8 بجے کے بعد شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔


آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب

آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا مریض لیاقت حسین صحتیاب ہو گیا ہے۔لیاقت حسین کے 31 مارچ اور یکم اپریل کوکئے گئے دونوں ٹیسٹ نیگیٹو آگئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق زاہد حسین کو کل گھر بھیج دیا جائے گا۔

سندھ میں ایک اور کورونا وائرس میں مبتلا مریض دم توڑ گیا

حیدرآباد سے تعلق شخص کی ہلاکت کی صوبائی وزیر صحت نے تصدیق کر دی ہے۔ عذرا پیچوہو نے بتایا کہجاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 54 سال ہے۔

جاں بحق ہونے والے مریض میں آج ہی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جو سماجی رابطوں کے ذریعے اس وبا کی لپیٹ میں آیا۔ حالیہ ہلاکت کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔

Advertisement