ملک بھر میں کورونا کے وار جاری، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3277 ہوگئی

Last Updated On 06 April,2020 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 397 نئے مریضوں کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 277 ہوگئی۔

پنجاب میں 1493، سندھ میں 881، خیبر پختونخوا میں 405، گلگت بلتستان میں 210، اسلام آباد میں 82، بلوچستان میں 191 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 کورونا وائرس کے مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک کرونا وائرس میں مبتلا 50 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 17 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 257 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  پنجاب

 پنجاب میں کورونا وائرس کے 1493 کنفرم مریض ہیں۔ جن میں 309 زائرین ، 443 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 28 قیدیوں، 600 عام شہری شامل ہیں۔ شہروں کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 260 کنفرم مریض ہیں، ننکانہ 13، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 57، جہلم 29، اٹک 1، گوجرانوالہ 31، سیالکوٹ 7، نارووال 5، گجرات میں 93 ، حافظ آباد 6، منڈی بہائوالدین 14، ملتان 4، وہاڑی 9، فیصل آباد 9، چنیوٹ 5، رحیم یار خان 3، سرگودھا میں 5 ، میانوالی 3، خوشاب 1، بہاولنگر 10، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک کنفرم مریض ہے۔

پنجاب میں مزید ایک مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔ لاہور میو ہسپتال میں 66 سالہ مریضہ جاں بحق ہوئی ۔ ہیلتھ رپورٹر کے مطابق مریضہ شدید ذہنی دباؤ اور بلڈ پریشر کا بھی شکار تھی اور وینٹی لیٹر پر تھی۔ جس کے بعد لاہور میں وائرس سے دم توڑنے والے افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون اور ماحولیات مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر بتایا کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 881 ہوگئی۔ سندھ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہرو فیروز میں 2 جبکہ سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ میں مزید کئی مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ میں حکومتی ترجمان کی طرف سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جن میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔

 

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں مزید 33 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 405 ہوگئی، نوشہرہ میں ایک ہی دن کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آ ئے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی۔

پختونخوا میں مزید 32 افراد صحت یاب ہوگئے جس کے بعد صحت یاب ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی، ڈھڈیال قصبہ ڈھوڈہ کے ایک نوجوان کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں مزید 2 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 16 تک پہنچ گئی۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کے مطابق دونوں اموات سوات میں ہوئیں اور دونوں کی عمر 60 سال سے زائد تھی۔

بلوچستان

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا کے 6 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 191 ہوگئی ہے جبکہ 13 افراد صحت یاب ہوگئے اور صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مجموعی طور پر دو ڈاکٹروں سمیت 5 مقامی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور مقامی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 12 نئے کیسز سامنے آگئے، مریضوں کی کل تعداد 210 ہوگئی، 4 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔

اسلام آباد

ملک میں کورونا وائرس کیسز کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد مجموعی تعداد 75 سے بڑھ کر 82 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ وزیر صحت آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی کے مطابق مریضوں کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے کمشنر میرپور محمد رقیب خان نے بتایا اس خطے میں پہلا مقامی طور پر منتقل ہونے کا کیس بھی سامنے آگیا ہے۔ مریض کی عمر 59 سال ہے اور اس کا کوئی سفری ریکارڈ نہیں ہے۔ اس سے ملنے والے تمام افراد کو تلاش کر کے قرنطینہ منتقل کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس مرض کا صرف ایک ہی علاج ہے اور وہ ہے کہ آپ سب سماجی دوری اختیار کریں ۔ 123 افراد جو صحت یاب ہوئے ہیں ان کو کوئی دوا یا ویکسین نہیں دی گئی یہ صرف سماجی آئسولیشن میں تھے جس کی وجہ سے وہ صحت یاب ہوئے ۔ اللہ پاک کا شکر ہے کہ ابھی تک غریب علاقوں یا کچی آبادیوں سے کوئی کیس سامنے نہیں آی ااگر ان علاقوں میں کوئی کیس سامنے آیا تو صورتحال پر قابو پانا کافی مشکل ہوجائے گا اور نظام صحت جواب دے جائے گا کیونکہ ان علاقوں میں لوگ ایک دوسرے کے قریب قریب رہتے ہیں اور کئی کئی افراد ایک ہی گھروں میں رہتے ہیں، اگر 14 اپریل تک ہم نے اس لاک ڈائون کو کامیاب کیا تو ہم اس وبا کو کم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں مستحقین اور دیہاڑی دار طبقہ کو راشن کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا پہلے فیز میں ڈیڑھ لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔

وزیر صحت خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کا صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما سے علاج پر تجاویز کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، صوبے میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لئے لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔

لاک ڈاؤن

ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، تمام بازار، شاپنگ مال ، پبلک ٹرانسپورٹ ،ٹرینوں کی بندش اور گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے پر پابندی کے باعث شہروں میں ویرانی کا منظر ہے۔ کریانہ و میڈیکل سٹور بھی شام تک کھلے ہیں۔ متعدد شہری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہیں تاہم جگہ جگہ لگے پولیس و فوجی اہلکاروں و رینجرز کے ناکوں پر کھڑے اہلکار انہیں واپس بھیج دیتے ہیں۔ اہم سڑکیں بدستور بند ہے جبکہ ہائی ویز پر گڈز ٹرانسپورٹ کی آمدورفت جاری ہے۔
 

Advertisement