پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 4695، اموات 66 ہوگئیں

Last Updated On 10 April,2020 11:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں 54706 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2478 ٹیسٹ کے گئے، 284 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس موذی مرض میں مبتلا 66 افراد موت کی آغوش میں جا چکے ہیں، 45 کی حالت تشویشناک جبکہ 727 مکمل صحتیاب ہوئے۔ صوبہ پنجاب کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 2287 کنفرم مریض ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد 107، صوبہ سندھ 1214، خیبر پختونخوا 620، بلوچستان 219، آزاد کشمیر 33 جبکہ گلگت بلتستان میں 215 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

صوبہ پنجاب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18، اسلام آباد 1، صوبہ سندھ 21، خیبر پختونخوا 22، صوبہ بلوچستان 1، گلگت بلتستان 3 جبکہ آزاد کشمیر میں صفر ہے۔

صوبہ پنجاب کی صورتحال

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 700 زائرین سینٹرز، 696 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 80 قیدیوں، 804 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈی جی خان میں 220 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 23 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دریں اثنا رائے ونڈ مرکز میں 449، شیخوپورہ 9، منڈی بہاوالدین میں 13، سرگودھا 22، میانوالی 7، وہاڑی 25، راولپنڈی میں 6، جہلم میں 25 تبلیغی ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ننکانہ صاحب 2، گجرات 10، رحیم یار خان 4، بھکر 32، خوشاب 2، راجن پور 1، حافظ آباد 35، سیالکوٹ 19، لیہ 16، ناروال 3، بہاولنگر 9، فیصل آباد میں 6 تبلیغی ارکان میں اب تک کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کا بتانا ہے کہ عام شہروں میں سب سے ذیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 363 کنفرم مریض ہیں۔ ننکانہ 8، قصور 9، شیخوپورہ 3، راولپنڈی 64، جہلم 29، اٹک 1،چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 27، ناروال 8، گجرات میں 99 شہریوں میں تصدیق ہوئی ہے۔
حافظ آباد 12، منڈی بہاوالدین 8، ملتان 4، وہاڑی 13، فیصل آباد 28، چینیوٹ 8، ٹوبہ 2، جھنگ 1، رحیم یار خان 22، سرگودھا میں 8 شہریوں میں تصدیق ہو چکی ہے۔

 

علاوہ ازیں میانوالی 9، خوشاب 3، بہاولنگر 5، بہاولپور 5، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک کنفرم مریض ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک کل 18 اموات، 39 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

اعدادوشمار کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ روز تک 31535 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عوام سے گزارش کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کر کے خود کو محفوظ بنائیں۔ متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔

لاہور: چاہ میراں بازار میں کورونا وائرس کے 17 مریض رپورٹ، پورا علاقہ سیل

لاہور شہر میں کرونا کے وار جاری ہیں۔ چاہ میراں بازار مکھن پورہ میں 17 مریض رپورٹ ہونے پر پورا علاقہ ہی قرنطینہ میں تبدیل کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا ہے۔

کورونا کیسز سامنے آنے پر چاہ میراں کے علاقے کو سیل کرتے ہوئے اس کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سیل کئے گئے علاقے کا جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق علاقے کے 154 گھروں کو سیل کرتے ہوئے مارکیٹس بھی بند کر دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری کا کہنا ہے کہ سو فیصد لاک ڈاؤن کے بعد پچاس سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کے سیمپل لئے گئے جس کے بعد پازیٹو کیسز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں سمن آباد کے علاقے سکندریہ کالونی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے سکندریہ کالونی کو ریڈ اور یلیو زون میں تقسیم کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری نے بتایا کہ سکندریہ کالونی میں کورونا کے نو مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں پر 80 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

صوبہ سندھ کی صورتحال

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1214 تک پہنچ چکی ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ ہوئے جس میں سے 86 افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اب تک صوبے میں صحت یاب افراد کی تعداد 358 ہو چکی ہے جبکہ 22 افراد اس موذی مرض سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے افسوسناک خبر دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک مریض کا انتقال ہوا جو میرے بہنوئی سید مہدی شاہ ہیں۔ ان کا 8 مارچ کو ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ کورونا کی وجہ سے ان میں پھیپھڑوں کے اور دیگر امراض نمودار ہوئے اور وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے مزید 15 افراد صحت یاب

مشیر اطلاعات شمس میر کے مطابق آج لیبارٹری سے ملنے والے 68 نمونوں کے ٹیسٹ نیگٹو آئے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد کم ہو کر 87 جبکہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 125 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کووڈ 19 کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے پر بھی غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ ان پاکستانیوں کو وطن واپس آ کر مروجہ ایس او پیز کے تحت چیکنگ کروانا ہوگی۔

اجلاس میں بلوچستان کے چار سرحدی اضلاع کو ایران سے خوراک کی سپلائی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا کو بتایا کہ افغانستان کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت صرف کارگو کے لیے اجازت دی گئی ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور دو طرفہ تجارت کے تحت تین روز کے لیے صرف غذائی اشیاء اور ادویات لے جانے کی اجازت ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیس ہمارے اندازے سے کافی کم ہیں۔ اندازے سے کم کورونا وائرس کے کیس سامنے آنا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے 727 مریض صحتیاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لیے 26 لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں۔ مستقبل کے حوالے سے پلان وزیراعظم کو 12 اپریل کو پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سوموار کو وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔

قرنطینہ سے کوئی فرار ہوا تو ڈی پی او، سی پی او فارغ ہونگے: آئی جی پنجاب کا اعلان

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے اعلان کیا ہے کہ اگر قرنطینہ سینٹرز سے بغیر ٹیسٹ کوئی شخص فرار ہوا تو ڈی پی اور سی پی اوز کو فارغ کر دیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سخت کارروائی کیلئے سفارشات سٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوائی جائیں گی۔ تمام افسران روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ آر پی اوز اور آئی جی پنجاب کو بھجوائیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے سدباب کے لئے پنجاب حکومت نے قومی رابطہ کمیٹی کو لاک ڈاؤن میں ایک ہفتہ مزید توسیع کی سفارش کی ہے۔ حتمی اقدام کا اعلان وفاقی حکومت کی مشاورت اور منظوری سے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت مزید ایک ہفتے کے لئے سلیکٹو لاک ڈاؤن کی خواہشمند ہے۔ صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کی مدت 14 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔

کسی بھی دوسرے نمبر سے آنیوالا ایس ایم ایس جعلی ہوگا، لوگ محتاط رہیں: ثانیہ نشتر

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ محنت کش بھائیوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے احساس ایمرجنسی کیش کی 8171 ایس ایم ایس سروس کو مفت کر دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ رواں ہفتے محنت کش بھائیوں اور بہنوں سے بات چیت کے دوران مجھے معلوم ہوا کہ ہمارے دہاڑی دار طبقے کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں بذریعہ ایس ایم ایس شامل ہونے کے طریقہ کار کے متعلق مزید آگاہی کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے ایس ایم ایس سے لے کر رقم وصولی تک کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ آپ محنت مزدوری کرتے ہیں، آپ کی آمدن کورونا وائرس کی صورتحال میں رک گئی ہو تو حکومت 12 ہزار امداد دے گی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ امداد لینے کے لئے موبائل سے پیغام بھیجیں، اہل قرار پا جائیں تو قریبی بینک سے رقم ملے گی۔ امداد لینے کے لئے طریقہ کار اپنانا لازمی ہے۔ حکومت آپ کو امداد ضرور مہیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہاڑی دار، مزدور اور مستحقین احساس پروگرام کی امداد لینے کے لئے 8171 نمبر پر اپنا شناختی کارڈ بھیجیں۔ موبائل پیغام کے ذریعے ایس ایم ایس میں امداد کا اہل قرار پانے والے دوسرے پیغام کا انتظار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اہل قرار دیا جائے تو اسے 8171 سے ہی دوسرا ایس ایم ایس آئے گا۔ دوسرے ایس ایم ایس میں اہل افراد کو امداد دینے کی تاریخ بتائی جائے گی۔

ثانیہ نشتر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دوسرے نمبر سے آنے والا پیغام یا ایس ایم ایس جعلی ہوگا، لوگ محتاط رہیں۔ اہل افراد کو پورے بارہ ہزار روپے ملیں گے، کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ناکافی سہولتیں،چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ناکافی سہولتوں پر از خود نوٹس لے لیا ہے۔

اس سلسلے میں اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بنچ 13 اپریل کو سماعت کرے گا۔

اس سے پہلے سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کی وجہ سے ضمانت پر رہا ہونے والے تمام ملزمان کی گرفتاری کا بھی حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اب ازخود نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت، سیکرٹری داخلہ، چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور چیف سیکرٹریز کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔

واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور چئیرمین این ڈی ایم اے نے سپریم کورٹ کے ججز کو کورونا وائرس کے خلاف اب تک کے اقدامات پر بریفنگ بھی دی تھی۔

میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض جاں بحق

65 سالہ مریض لاہور کے علاقے کوٹ عبدالملک کا رہائشی تھا۔ 8 اپریل کو کورونا وائرس کی علامات کے ساتھ میو ہسپتال لایا گیا۔ مریض پھیپھڑوں کی پرانی بیماری میں مبتلا تھا اور وینٹی لیٹر پر تھا۔ مریض کو سانس کی بیماری، شوگر اور بلڈ پریشر کا بھی سامنا تھا۔ مریض کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھجوائے گئے، رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔
 

 
 

Advertisement