نوجوانوں کی کورونا ٹائیگر فورس میں شمولیت، وزیراعظم کا اظہار تشکر، رجسٹریشن میں توسیع کا فیصلہ

Last Updated On 10 April,2020 08:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کیخلاف بنائی گئی ‘’ٹائیگر فورس’’ میں دھڑا دھڑ شمولیت اختیار کرنے پر پاکستانی نوجوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے نام اہم پیغام میں کہا کہ ٹائیگرز فورس میں اب تک ساڑھے 8 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ طبی شعبے سے وابستہ نوجوان بھی اس فورس میں شمولیت اختیار کریں۔

وزیراعظم نے اپیل کی کہ ملک کو اس وقت زیادہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کی ضرورت ہے۔ طبی شعبہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان زیادہ رجسٹریشن کرائیں۔

انہوں نے ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن میں مزید 5 روز کا اضافہ کرتے ہوئے اس کا وقت 15 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔

عمران خان نے مزید نوجوانوں سے کورونا ٹائیگر فورس کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں رجسٹرڈ ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہیلتھ میں تجربہ رکھنے والے بھی رجسٹریشن کرائیں۔ آگے آنے والی مشکلات کا سب مل کر مقابلہ کریں گے۔
 

Advertisement