ترقی پذیر ممالک کے پاس بھوک اور بیماری سے لڑنے کیلئے پیسہ نہیں، وزیراعظم

Last Updated On 12 April,2020 07:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے پاس وسائل کم، بھوک اور بیماری سے لڑنے کیلئے پیسہ نہیں ہے۔ عالمی ادارے اور رہنما صورتحال سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیں۔

وزیراعظم عمران خان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں عالمی برادری سے کورونا وائرس کے چیلنجز سے متعلق بات کرنا چاہتا ہوں۔ ترقی پذیر ممالک میں کورونا وائرس کے علاوہ معیشت اور بھوک بڑے مسائل ہیں۔ ان ملکوں کو فکر ہے کہ عوام وبا کےعلاوہ بھوک سے نہ مریں۔ دوسری جانب ترقی یافتہ ممالک لاک ڈاؤن کے ساتھ معاشی اثرات سے بھی نمٹ رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک اپنے لوگوں کو وبا کیساتھ ساتھ بھوک سے بھی بچا رہے ہیں۔ ہمارے پاس لوگوں کو بھوک سے موثر طور پر بچانے کے لیے وسائل کم ہیں۔ عالمی ادارے اور رہنما صورتحال سے نکلنے کے لیے پروگرام تشکیل دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق ترقی یافتہ ملکوں کا مختلف ردعمل ہے۔ امریکا نے اپنےعوام کے لیے 2.2 ٹریلین ڈالر کا پیکج دیا جبکہ ترقی پذیر ملکوں کے پاس وسائل کی کمی ہے۔ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ صحت پر زیادہ خرچ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جاپان اپنے عوام کے لیے ایک ٹریلین ڈالر اور جرمنی یک ٹریلین یورو کا پیکج خرچ کر رہا ہے۔ پاکستان 22 کروڑ لوگوں کا ملک ہے لیکن ہم صرف 8 ارب ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ جو مسئلہ پاکستان کے ساتھ ہے، دنیا کے اکثر ترقی پذیر ملکوں کو درپیش ہے۔ سیکرٹری جنرل یو این اور معاشی ادارے ترقی پذیر ملکوں کو قرض پر ریلیف دیں۔
 

Advertisement