کورونا وائرس سے آنے والے دنوں میں شرح اموات بڑھ سکتی ہے: ڈاکٹر ظفر مرزا

Last Updated On 13 April,2020 11:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا وائرس سے شرح اموات بڑھ سکتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں اب تک کی سب سے زیادہ 14 اموات رپورٹ ہوئیں، آنے والے دنوں میں اس کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں میں رہیں، صفائی کا خیال رکھیں، اپنے اور دوسرے لوگوں کا خیال رکھیں اور ہاتھ دھوئیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 14 اموات کے علاوہ 254 کیسز رپورٹ ہوئے جو نسبتاً بڑی شرح ہے اور اب تک متاثرین کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے خطرناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پانچ ہزار سے زائد مریضوں میں سے تقریباً نصف مقامی طور پر وائرس کی منتقلی سے متاثر ہوئے ہیں۔
 

Advertisement