نارووال: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم متفقہ قومی دستاویز ہے، اس کیساتھ چھیڑ چھاڑ سے نئے تنازعات جنم لیں گے، کورونا بحران میں نیا محاذ کھولنے کی کیا منطق ہے؟
احسن اقبال کا اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے بیان میں کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اسے مشترکہ طور پر پارلیمان سے منظور کیا تھا، ایسے موقع پر جب قوم مختلف بحرانوں میں گھری ہے، نئے جھگڑے کھڑے کرنے کا کیا مقصد ہے؟
لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک کا اس وقت مسئلہ کورونا بحران سے نمٹنا ہے، ایسے میں اٹھارویں ترمیم پر نیا محاذ کھولنے کی کیا منطق ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت وفاق اور اکائیوں کو جمع کرنے کے بجائے سیاسی تفرقہ بازی پھیلانے کی کوشش نہ کرے، اٹھارویں ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کی بجائے لوکل گورنمٹ کا نظام بحال کریں تاکہ کورونا سے نمٹا جا سکے۔