وزیر اطلاعات کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جاپانی امداد کا خیر مقدم

Last Updated On 08 May,2020 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں جاپان کی 21 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی امداد کا خیر مقدم کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے آج اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فراز سے ملاقات کی۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دوران ملاقات کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے تناظر میں موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

شبلی فراز نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو لاک ڈاون میں بتدریج نرمی کے حکومتی فیصلے سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے ضلع مانسہرہ کے مستحق خاندانوں کے لئے ہنگامی امداد کے طور پر ساڑھے تین کروڑ روپے کی طبی معاونت فراہم کرنے پر جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کوروناوائرس کی وبا سے نمٹنے میں جاپان کی 21 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی امداد کا بھی خیر مقدم کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement