شریف خاندان کیخلاف خبر چلوانے کا مقصد میڈیا ٹرائل اور ہتک کرنا ہے، مریم اورنگزیب

Last Updated On 15 May,2020 05:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شریف خاندان کے خلاف نیب کے نئے ریفرنس کی تیاری کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے پیچھے صرف آٹا چینی چور عمران صاحب کا فیس ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب کا ذرائع سے خبر چلوانے کا مقصد صرف میڈیا ٹرائل اور ہتک کرنا ہے۔ ‎شریف خاندان کے خلاف ایک اور جھوٹا ریفرنس بنا کر بھی عمران صاحب کی کرپشن نہیں چھپے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو عوام کے آٹا چینی چوری میں 507 ارب کا عمران صاحب کا ڈاکا نظر نہیں آتا؟ شریف خاندان کے خلاف جھوٹے ریفرنس بنا کر نیب نیازی گٹھ جوڑ کا جھوٹا بیانیہ اب نہیں بک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دو اڑھائی سال سے نیب نیازی گٹھ جوڑ شریف خاندان کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ ‎نیب نیازی گٹھ جوڑ ہر طرح کی دھونس، دھاندلی اور دباؤ کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاناما سے شروع ہونے والا ڈرامہ گندے نالے سے ہوتا اب ذاتی گھر اور وراثتی جائیدادوں تک آ پہنچا ہے۔ ‎نیب نیازی گٹھ جوڑ کو 90 سال کی ماں کے خلاف مقدمہ بناتے ہوئے بھی کوئی شرم وحیا نہیں آئی۔

مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ بنی گالہ کے بارے میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا، وہ نیب کو نظر نہیں آئے گا۔ ‎زمان پارک کا بذریعہ اے ٹی ایم بننے والا گھر نیب کو ہرگز دکھائی نہیں دے گا۔ ‎اسلام آباد میں غیر قانونی پلازے میں کروڑوں روپے کا فلیٹ عمران صاحب کو کیسے ملا، نیب نہیں پوچھے گا۔