اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس پر بھی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 18 May,2020 05:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں وبا سے نمٹنے کے لئے فیصلے مشاورت سے کئے گئے جبکہ دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن نے اہم ترین قومی مسئلے کو بھی سیاست کی نذر کیا۔ پنجاب میں وقت ضائع کئے بغیر 8 نئی لیبز پر کام شروع کیا گیا اور الحمدللہ یہ لیبز فنکشنل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب اس وقت دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہا ہے۔ کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ میں اضافے کیلئے مزید 4 لیب کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور سرگودھا میں نئی لیبز بنائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت 6 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے وطن عزیز کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کو شکست دینے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ مارکیٹیں اور بازار کھلنے کے بعد عوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔ جتنی احتیاط کریں گے، اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے۔