وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Last Updated On 14 May,2020 01:37 pm

ڈیرہ غازیخان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 200 بستروں کے منصوبے پر 4 ارب 28 کروڑ لاگت آئے گی۔

ڈی جی خان میں سردار فتح محمد خان بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا پہلا فیز 3 ارب روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگا، 200 بستروں پر مشتمل کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ پر مجموعی طور پر 4 ارب 28 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ پہلے فیز میں 44 کنال اراضی پر 8 میڈیکل شعبے، کیفے ٹیریا، مسجد اور سٹور بنائے جائیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کو فنکشنل کیا جائے گا، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے چاروں صوبوں کے عوام مستفید ہوں گے، دل کے مرض میں مبتلا کسی مریض کو علاج کیلئے لاہور یا ملتان نہیں جانا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے شہریوں کیلئے جدید ترین بس ٹرمینل کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو منصوبے کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں ماڈرن انٹرسٹی بس ٹرمینل 32 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے قدیمی پل ڈاٹ، سنگم چوک کی تعمیر و توسیع اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا، پل ڈاٹ، سنگم چوک کا پراجیکٹ تقریباً 40 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل پل ڈاٹ، سنگم چوک کی کشادگی سے مقامی اور دوسرے شہروں سے آنیوالے لاکھ شہری مستفید ہوں گے۔
 

Advertisement