کورونا فنڈ میں آنے والی پائی پائی کے امین ہیں، مستحق افراد تک پہنچائیں گے: عثمان بزدار

Last Updated On 13 May,2020 11:19 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے ملاقات کی، بورڈز آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں 45 لاکھ 42 ہزار روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کورونا فنڈ میں آنے والی پائی پائی کے امین ہیں، مستحق افراد تک پہنچائیں گے۔

پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز کے افسروں اور عملے کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ میں عطیہ کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تعلیمی بورڈز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مصیبت کے وقت متاثرہ بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی، دوسرو ں کے لئے جذبہ خیر پاکستانی قوم کو دیگر اقوام سے ممتاز کرتا ہے۔

وزیراعلی نے یقین دلایا کہ چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں آنے والی پائی پائی کے امین ہیں، فنڈانتہائی شفاف انداز سے حق داروں تک پہنچایا جائے گا، کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کو حکومتی اقدامات پر من و عن عمل درآمد کرنا ہو گا۔
 

Advertisement