وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں عوامی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Last Updated On 14 May,2020 06:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں اربوں روپے مالیت کے عوامی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کے منصوبے ترجیح ہیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں چھ ارب روپے مالیت سے زائد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ سردار فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا پہلا فیز 3 ارب روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگا۔

 

وزیراعلیٰ نے 32 کروڑ 60 لاکھ کی مالیت کے جدید ترین بس ٹرمینل اور سنگم چوک کی تعمیر وتوسیع کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ زرخیز زمینوں کو دریائے سندھ کے کٹاؤ سے بچانے کیلئے تین سپر سٹرکچر بند کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

 

ڈیرہ غازی خان میں 100 بستروں کے سوشل سکیورٹی ہسپتال کا منصوبہ بھی شروع کر دیا گیا ہے، اس پر 21 کروڑ روپے لاگت آئیگی۔ ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا ٹیسٹ کیلئے بی ایس ایل تھری لیب پراجیکٹ کا بھی افتتاح ہوا۔

 

وزیراعلٰی کی جانب سے ایک کروڑ کی لاگت سے جناح فیملی پارک کی بحالی، شہر میں لنگر خانے کے قیام اور کشمیر پارک کی بحالی اور تعمیر نو کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔

وزیراعلیٰ نے تحصیل کوہ سلیمان اور تونسہ کی بستیوں میں بجلی کی فراہمی کیلئے میپکو کو 26کروڑ 70لاکھ روپے کا چیک دیا۔ عثمان بزدار کا تھا کہ پسماندہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کے منصوبے ترجیح ہیں۔
 

Advertisement