وزیراعلیٰ پنجاب سے سیاسی شخصیات کی ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

Last Updated On 15 May,2020 11:21 am

ڈیرہ غازیخان: (دنیا نیوز) ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کی سرکردہ سیاسی شخصیات نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ سیاست کو کرپشن سے پاک کیا ہے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، پنجاب کا کلچر بدل گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں چیف آف کھیتران سردار حافظ اورنگزیب خان کھیتران، ن لیگ کے سابق ایم پی اے ممتاز خان بھٹو قیصرانی، سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل جاوید اقبال قیصرانی، ضلع کونسل کے سابق ارکان اور چیئرمینوں نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کی نمائندگی خود کرتا ہوں، اب انتظامیہ کے پاس کوئی ناجائز کام لے کر نہیں جاتا، لاہور میں پسماندہ علاقوں کا وکیل بن کر بیٹھا ہوں، دل چاہتا ہے عوام کا ہر کام کروں، جتنے وسائل میسر ہیں اتنے کام ضرور کر کے جاتا ہوں۔

وزیر مملکت زرتاج گل، مشیر حنیف پتافی، ارکان اسمبلی احمد علی دریشک، شاہینہ کھوسہ، جاوید اختر لنڈ، سردار محی الدین خان کھوسہ، پارٹی رہنما سردار عبدالقادر کھوسہ، سردار جعفر خان بزدار اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 

Advertisement