آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد، تاجروں کا دکانیں کھولنے کا اعلان

Last Updated On 19 May,2020 05:21 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کی تاجر برادری نے مکمل لاک ڈاؤن کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے بدھ 20 مئی سے دکانیں کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ اور بازاروں میں رش کے پیش نظر آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے 18 مئی سے نرمی ختم کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا۔ اس دوران صرف اشیائے خورونوش اور ادویات کی دکانیں کھلی رکھے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

اس کے ردعمل میں تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جہاں لاک ڈاؤن میں نرمی لائی گئی ہے تو ایسے میں حکومتی ضابطوں اور ہدایات پر عملدرآمد کے باوجود یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت نے بغیر کسی مشاورت کے اپنے تئیں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جس سے متاثرہ تاجروں کا استحصال ہو رہا ہے۔ حکومت نے اعلانات کے باوجود ہماری امداد کے لئے کوئی پیکج سامنے لایا گیا ہے۔ عید قریب آتے ہی حکومت کا یہ فیصلہ ریاست بھر کے تاجروں کے لئے ناقابل قبول ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ بدھ 20 مئی کو آزاد کشمیر بھر میں دکانیں کھولنے کا اعلان کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کریں۔
 

Advertisement