نیب نے شہباز شریف کو آغا خان یا شوکت خانم لیبارٹری سے ٹیسٹ دہرانے کا مشورہ دیدیا

Last Updated On 11 June,2020 05:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نیب نے شہباز شریف کو آغا خان یا شوکت خانم لیبارٹری سے ٹیسٹ دہرانے کا مشورہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس کے بعد لیگی ارکان کی طرف سے نیب پر بے معنی یلغار کی جا رہی تھی جس کے بعد نیب نے رد عمل دیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو آغا خان یا شوکت خانم لیبارٹری سے ٹیسٹ کرانا چاہیے، کورونا کیسز کی متعدد مثالیں موجود ہیں جہاں دو مختلف لیبارٹریوں کے نتائج مختلف آتے رہے:

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نیب پیشی پر شہباز شریف حفاظتی ماسک اور گلوز پہنے ہوئے تھے: پیشی سے قبل ہی نیب لاہور میں مکمل حفاظتی اقدامات بھی اختیار کئےجا چکے تھے: شہباز شریف کو ٹیبل پر شیشے کی سہولت بھی فراہم کی گئی اسکے علاوہ ہینڈ سینیٹائزر بھی فراہم کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی حکام سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے سوال جواب کرتے رہے: ان کا راتوں رات کورونا مثبت آنے کا معمہ حل طلب بھی ہے اور وضاحت طلب بھی۔ انتہائی قریبی ن لیگی عہدیدار کورونا کے شکار لیکن الزام نیب میں گھنٹے کی پیشی پر؟۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آج شہباز شریف کی احتساب عدالت میں اہم پیشی تھی جہاں رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد ہونا تھی، آج کرونا مثبت آنے کی ٹائمنگ انتہائی اہم ہیں۔
 

Advertisement