کے الیکٹرک برسوں سے اپنی روش پر قائم، سخت گرمی میں کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ

Last Updated On 16 June,2020 07:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایک مرتبہ پھر کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ کورونا کے بعد شہر میں طویل لاک ڈاؤن کے باعث یقینی بچت کے باوجود بہانہ وہی پرانہ، فرنس آئل کی کمی، اب رہائشی علاقوں کے بعد صنعتی علاقوں میں بھی دس سے بارہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی۔

تفصیل کے مطابق کراچی کے شہریوں کو اس بار بھی سخت گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں مل سکی ہے۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ اور صنعتی علاقوں میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ اس کی وجہ فرنس آئل کی کمی بتائی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا کے بعد طویل لاک ڈاؤن میں سب کچھ بند ہونے پر جو بچت ہوئی، اس کے باوجود یہ عذر ناقابل برداشت ہے۔ ملیر، لائنز ایریا، گلزار ہجری، نارتھ کراچی اور محمود آباد سمیت متعدد علاقوں میں شہری طویل بجلی بندش سے بلبلا اٹھے ہیں۔

کاروبار کی تباہی کے ساتھ بجلی کی عدم فراہمی پانی کی عدم فراہمی کا باعث بھی بننے لگی ہے۔ متعدد مرتبہ درخواست کے باجود تمام صورتحال میں کے الیکٹرک بجلی کی طلب ورسد کے اعداد وشمار بیان کرنے سے گریزاں ہے۔
 

Advertisement