ملتان: عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود بجلی کا تعطل جاری

Last Updated On 12 August,2019 01:38 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں میپکو نے عیدالاضحی پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہیں سکا جس کی وجہ سے عید قربان پر بھی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے صارفین کی مشکلات کم نہیں ہو سکیں۔

ملتان میں میپکو حکام نے صارفین کو عید قربان پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی نوید سنائی لیکن اعلانات کے برعکس عید پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا ہے جس سے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکا ہے جس سے معاملات زندگی متاثر ہونے پر صارفین نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

میپکو کو 13 اضلاع کے 60 لاکھ صارفین کیلیے روزانہ 3300 میگاواٹ بجلی درکار ہے لیکن شارٹ فال 900 میگاواٹ سے بھی بڑھ گیا ہے جس پر صوبائی وزیر توانائی کی انوکھی منطق ہے کہ بجلی کی چوری کو روکنے کیلیے لوڈشیڈنگ کرنا مجبوری بن گیا ہے تاہم لائن لاسز کو کم کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

بجلی کے لو وولٹیج اور ٹرپنگ سے بھی الیکٹرونکس کا سامان جلنا معمول بن گیا ہے اور رہی سہی کسر لوڈشیڈنگ کے باوجود اوور بلنگ نے پوری کر دی ہے جس پر صارفین کی اکثریت ہی ذہنی اذیت سے دوچار ہے۔