ملتان: عارضی مویشی منڈیوں میں ڈکیتی کیساتھ مویشی چوری کا سلسلہ جاری

Last Updated On 09 August,2019 04:16 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں سات مختلف مقامات پر عارضی مویشی منڈیاں سجا دی گئی ہیں لیکن سکیورٹی کے مناسب بندوبست نہ ہونے کے باعث مویشی منڈیوں میں ڈکیتی کیساتھ مویشی چوری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے جس پر بیوپاری پریشان ہیں۔

ملتان کی مویشی منڈیوں میں سات روز سے بکروں کی چوری اور بیوپاریوں سے ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں لیکن اسکے باوجود مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے تاحال مناسب اقدامات نہیں کئے گئے جسکی وجہ سے مویشی منڈیوں میں اب تک چوری اور ڈکیتی کی 19 وارداتیں ہونے پر بیوپاری اور خریدار دونوں ہی پریشان ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نفری کی کمی کے باعث مویشی منڈیوں کی سکیورٹی سول ڈیفنس کے ملازمین کو دی گئی لیکن موجودہ صورتحال میں وارداتوں کا سلسلہ نہ رکنے پر متعلقہ تھانوں کو تمام عارضی منڈیوں کی سکیورٹی بہتر نہ ہونے کے احکامات دے دیئے ہیں۔

گزشتہ سال بھی ناگ شاہ کی مویشی منڈی میں بیوپاری کو زخمی کر کے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ لئے گئے اسی لئے رواں سال بھی چوری اور ڈکیتیوں کے حوالے سے بیوپاریوں کے تحفظات تاحال برقرار ہیں جس پر بیوپاری سراپا احتجاج ہیں۔