اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں ان کے زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل، سید فخر امام، خسرو بختیار، شبلی فراز، اسد عمر اور چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصإ سلیم باجوہ بھی شریک ہوئے۔
دوران اجلاس وزیراعظم کو ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انھیں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بنائے گئے ایکشن پلان کے فیز ون کی تکمیل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کو مانیٹرنگ سروے اور کنٹرول کی مربوط کوششوں، وسائل کی فراہمی، اداروں کے درمیان تعاون اور ٹڈی دل سے متعلق آگاہ مہم پر بھی بریفنگ دی گئی۔
انھیں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر کیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور صوبائی حکومتوں نے ٹڈی دل کے حملے کے خلاف موثر اقدامات کیے۔
اجلاس میں بلوچستان کی نمائندگی چیف سیکرٹری بلوچستان نے کی جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وزیراعظم کا اجلاس سے خطامب میں کہنا تھا کہ ٹڈی دل اور کورونا وائرس کا ایک ساتھ حملہ پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ تاہم وفاق، صوبائی حکومتوں اور پاک فوج نے بروقت اس کا تدارک کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
اجلاس میں ٹڈی دل کنٹرول کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے فیز ٹو کی بھی منظوری دی جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ کسانوں کو ایک پیکج کے ذریعے معاوضہ دیا جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے غذائی تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مربوط قومی ردعمل کی ضرورت ہے۔ متوقع ٹڈی دل حملے سے فصلوں کی پیداوار متاثر نہیں ہونی چاہیے۔