ایس او پیز کا خیال نہ رکھا گیا تو عید پر مزید کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے، لیاقت شاہوانی

Last Updated On 12 July,2020 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے گا۔ اگر ایس او پیز کا خیال نہ رکھا گیا تو ملک میں کورونا کے کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ‏کورونا وبا قوم کے لیے بہت بڑی پریشانی بن کر آئی۔ ‏پاکستان میں کورونا عید کے دنوں میں زیادہ پھیلا۔ ‏مئی سے جون تک 1 لاکھ سے زیادہ کورونا کے کیسز سامنے آئے۔

لیاقت شاہوانی نے مزید کہا کہ مئی میں کورونا کے 41 ہزار 900 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ‏اگر اسی تیزی سے کیس بڑھتے رہے تو عید تک 3 لاکھ سے زائد کیسز ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏اگر ایس او پیز کا خیال نہ رکھا گیا تو عید الاضحیٰ پر مزید کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بلوچستان میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ‏بلوچستان میں 30 سے 35 فیصد کیسز جون میں سامنے آئے۔ ‏11 دنوں میں 4 ہزارسے زائد ٹیسٹ ہوئے اور تقریباً 600 مثبت کیس آئے۔

انہوں نے کہا کہ ‏بلوچستان میں کورونا سے اموات کی شرح بھی پورے ملک کی طرح ہے جبکہ ‏تقریباً 3500 مریض اس وقت گھروں میں قرنطینہ میں ہیں۔ ‏بلوچستان میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پایا جا رہا ہے۔