پاکستان پیپلز پارٹی نے نیب قوانین سے متعلق ترامیم تیار کرلیں: ذرائع

Last Updated On 23 July,2020 10:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین سے متعلق ترامیم تیار کر لی ہیں، اس اہم معاملے پر بلاول بھٹو کی پارٹی رہنماؤں سے اہم مشاورت ہوئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی سے ملاقات کرنے والوں میں شیری رحمان، فاروق نائیک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر شامل تھے جبکہ فاروق نائیک نے نیب قوانین میں ترامیم کے معاملے پر بلاول بھٹو کو بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کا چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قومی ادارہ حکومتی میگا سکیمز پر ایکشن نہیں‌ لے رہا، اسے صرف اپوزیشن کیخلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ نیب کے رہنے کا اب کوئی جواز نہیں، چیئرمین نیب استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

بلاول بھٹو نے لاہور میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے سے واضح ہے کہ نیب سیاسی انجنیئرنگ کیلئے استعمال ہوتا ہے، اس ادارے کو تالے لگا دینے چاہیں۔ بلا تفریق احتساب کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا ہونا ہو گا اور نئی قانون سازی کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ہونے والی اے پی سی پر کام شروع کر دیا گیا ہے، شہباز شریف کی صحت یابی کے بعد اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے گی۔