مریم اورنگزیب نے نیب ادارہ بند، چیئرمین کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 23 July,2020 06:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے باوجود نیب اور چیئرمین کا بدستور برقرار رہنا ہٹ دھرمی اور لاقانونیت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کے باوجود قانون کا سامنا کر رہے ہیں۔ آج تک نیب نیازی گٹھ جوڑ ان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کیخلاف ایک روپے کی کرپشن ملی، نہ الزام لگ سکا، پھر بھی وہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا سامنا کر رہے ہیں۔ قوم کے اربوں روپے بچانے والے نیب کی چیرہ دستیوں کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب چور حکومت میں دندناتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کینسر کا سامنا کرنے، قوت مدافعت کم ہونے کے باجود عدالت جاتے ہیں جبکہ عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس اور چینی چوری کرکے انکوائری کمیشن میں پیش نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کے عوام سب دیکھ رہے ہیں۔