کشمیر کا مسئلہ قراردادوں اور 2 منٹ کی خاموشی سے حل نہیں ہوگا: سراج الحق

Last Updated On 04 August,2020 04:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس اہم معاملے پر واضح پالیسی کا اعلان کرے۔

سینیٹر سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک آزادی کیلئے کشمیری قیادت اور عوام کی قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کشمیر پر نہیں، اسلام آباد اور کراچی پر حملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کاسمیٹکس اقدامات اور کشمیر ہائی وے کے نام کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہیں۔ کشمیری قیادت بھی حکومت کے اس اقدام کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کشمیر پر واضح پالیسی کا اعلان کرے۔ ہندوستان کے فضائی آپریشن کو بحال کرنے کا اجازت نامہ معطل کیا جائے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کوئی پالیسی مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی قیادت کی مشاورت کے بغیر وضع نہ کرے اور عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھائے۔ کشمیر کا مسئلہ قراردادوں اور 2 منٹ کی خاموشی سے حل نہیں ہوگا۔
 

Advertisement