شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، اور سینما ہالز آج سے کھل گئے، فلائٹ اور ٹرین آپریشن بھی بحال

Last Updated On 10 August,2020 01:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی اجازت کے بعد شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، کیفے، پبلک پارکس، جم، تھیٹرز، سینما ہالز اور بیوٹی پارلرز آج سے کھل گئے، تاجروں نے پرانے طریقہ کار کے مطابق کاروبار شروع کر دیا، فلائٹ اور ٹرین آپریشن بھی مکمل بحال ہو گیا۔

کورونا کی شدت میں کمی کے بعد ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئیں، ایس او پیز پر پابندی لازمی قرار دیدی گئی ہے اس کے باوجود تاجر برادری خوشی سے نہال ہے۔ طویل بندش کے بعد ریسٹورنٹس، ہوٹلز، سینما، تھیٹر، بیوٹی پارلرز، پارکس آج سے کھل گئے ہیں، مارکیٹیں، دکانیں، شاپنگ مالز سمیت دیگر کاروباری سرگرمیوں کیلئے وقت کی پابندی اور ہفتہ وار چھٹی بھی ختم ہوگئی، لاک ڈاؤن سے پہلے والے اوقات کار بحال ہو گئے ہیں۔

ملک بھر میں جمز بھی آج سے کھلے ہیں، کشتی، رگبی اور باکسنگ کےعلاوہ دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں تماشائیوں کے بغیر ہوں گی۔ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، پبلک ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت ہے، میٹرو بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کی اجازت نہیں ہوگی، مزارات بھی زائرین کیلئےآج سے اوپن ہیں تاہم عرس کی صوبائی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔ تعلیمی ادارے، مدارس اور شادی ہالز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔
 

Advertisement