برادرملک پاکستان کویوم آزادی پرمبارکبادپیش کرتاہوں: ترک صدر اردوان

Published On 14 August,2020 11:58 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) ترک صدر طیب اردوان نے یوم آزادی پر پاکستان اور پاکستان کے عوام کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طیب اردوان نے اُردو زبان اور انگریزی میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ برادر ملک پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ گہرے اور دیرینہ تعلقات کے پیش نظر ذاتی طور پر اور ترک قوم کی جانب سے سلام محبت پیش کرتا ہوں۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نام ایک تہنیتی پیغام میں اسلام آباد کیساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے پیغام میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ میں امریکی عوام اور حکومت کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں، امریکا اور پاکستان نے گزشتہ 70 سے زائد برسوں سے انتہائی اہم امور پر مل کر کام کیا ہے۔

اپنے پیغام میں مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال کئی مسائل کے باوجود افغان امن عمل میں ہم نے واضح پیشرفت کی ہے اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے صحت اور معیشت کے شعبوں میں ہمارے تعاون کی بدولت کئی جانیں بچائی گئی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری اور تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

دوسری طرف چینی وزیر خارجہ کے ترجمان زاؤ لیجیان نے کہا کہ آج پاکستان کا یوم آزادی ہے اور چین پاکستان کو اس دن کی مناسبت سے گرمجوشی سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہو گی، بیجنگ کو یقین ہے کہ پاکستان قومی ترقی میں بڑی کامیابیوں کو حاصل کرے گا۔
 

Advertisement