وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

Published On 20 August,2020 04:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ پہنچ گئے ہیں۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔ حنان ہوائی اڈے پر چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق، چین کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان سفارت خانے میں تعینات افسران نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ "پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات" کے دوسرے دور میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے۔

ان مذاکرات میں کرونا عالمی وبائی صورتحال ،پاک چین اقتصادی راہداری، سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

علاقائی سلامتی اور پاک چین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اس دورہ کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔
 

Advertisement