اپوزیشن پارٹیوں کو اکٹھا کرینگے، باہمی مشاورت کے عمل کو آگے بڑھایا جائیگا: شہباز شریف

Published On 25 August,2020 12:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کو اکٹھا کریں گے، باہمی مشاورت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چند روز پہلے فضل الرحمان کو فون کیا اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی، سیاسی صورتحال پر حوصلہ افزا مشاورت ہوئی، اس مشاورت کو آگے لے کر چلیں گے، ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، طے ہوا تمام اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا اے پی سی اور رہبر کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، اے پی سی میں تمام جماعتیں شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کیا چینی، گندم، ادویات کا بحران ہمارے زمانے میں ہوا ؟ تیل کی قیمتیں دنیا میں زمین پر، پاکستان میں آسمان پر چلی گئیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ باہمی مشاورت کو آگے بڑھائیں گے، شہباز شریف کے رابطے پر ان کا خیر مقدم کرتا ہوں، چاہتے ہیں اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی اپنائے، اپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں کا اجلاس بلایا تھا جسے مؤخر کر دیا، حاصل بزنجو کے انتقال کے باعث چھوٹی جماعتوں کا اجلاس مؤخر کیا، اپوزیشن کی تقسیم ملکی مفاد کیلئے ٹھیک نہیں، چھوٹی جماعتوں کا اجلاس اور آل پارٹی کانفرنس بھی ہوگی، آپس کے تحفظات اور شکایات کو دور کیا جائے گا۔  

Advertisement