جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

Published On 25 August,2020 03:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ چھوٹی بڑی سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ راولپنڈی شہرکے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح کئی فٹ بلند ہوگئی۔

راولپنڈی میں بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں ساڑھے دس فٹ تک اضافہ ہوا جبکہ کٹاریاں اور گوالمنڈی سمیت کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

بارش سے ڈھوک کشمیریاں، شکرالہ، صادق آباد، ندیم کالونی، آریہ محلہ اور کری روڑ سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ مری روڈ، راول روڈ اور ایکسپریس وے سمیت اہم شاہراوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دار الحکومت میں سب سے زیادہ بارش زیرو پوائنٹ کے مقام پر 99 ملی میٹر، ایچ ایٹ میں 57 ملی میٹر، سیدپور میں 45 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 87 ملی میٹر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی اسلام آباد میں مزید 2 روز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
 

Advertisement