مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم جاری، ایک ماہ کے دوران 18 کشمیری شہید

Published On 01 October,2020 10:54 am

وادی: (دنیا نیوز) بھارتی افواج نے کشمیریوں پر زندگی تنگ کر دی، ماہِ ستمبر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم جاری رہا، ایک ماہ کے دوران قابض بھارتی فوج نے 18 کشمیریوں کو شہید کیا۔

 آر ایس ایس کے علمبردار انتہا پسند مودی کی سرپرستی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کی سیاہ رات، مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی سفاکیت و بر بریت جاری رہی، کشمیر میڈیا سروس نے ماہِ ستمبر میں ڈھائے جانے والے ظلم کی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں قابض فوج نے 18 کشمیریوں کو شہید کیا، ایک نوجوان کو حراست میں شہید کیا گیا، اس ظلم کی پاداش میں 2 خواتین بیوہ اور 4 بچے یتیم ہوئے، 16 افراد کو زخمی کیا گیا، پیلٹ گن کے کارتوس سے 4 افراد زخمی ہوئے، 88 کشمیریوں کو گرفتار اور 14 گھروں کو مسمار کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک ماہ کے دوران بھارتی فوج نے 567 سرچ آپریشن کئے جبکہ وادی میں 4 جی انٹرنیٹ سروس پر پابندی 21 اکتوبر تک بڑھا دی گئی۔

 

Advertisement