'کٹھ پتلی حکومت کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی، ملک میں شفاف انتخابات ہونے چاہئیں'

Published On 03 October,2020 10:15 am

لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کٹھ پتلی حکومت کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی، ملک میں شفاف انتخابات ہونے چاہئیں، لیگی قیادت کے خلاف تمام مقدمات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کو جو لائے ہیں ان سے غلطی ہوگئی اب غلطی واپس لے لیں، مصالحت کا ہرگز مطلب نہیں کہ ہم ووٹ کی عزت پر حرف آنے دیں، جھکنے والے نہیں، ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، حکمرانوں کا یوم حساب جلد آنے والا ہے۔

راناثنا اللہ کا کہنا تھا 15 ماہ سے کیس پر کچھ نہیں ہو رہا، خصوصی عدالتیں ختم ہونی چاہئیں، میرے خاندان کے شناختی کارڈ 2 سال سے بلاک ہیں، فیملی کے اکاؤنٹس بھی ڈیڑھ سال سے منجمد ہیں، مجھ پر 15 کلو ہیروئن کا جعلی کیس بنایا ہوا ہے، کہا جا رہا ہے اثاثےغیر قانونی طور پر بنائے۔

لیگی رہنما نے کہا وزیراعظم کیا اپوزیشن کو ایکسپوز کریں گے وہ خود ایکسپوز ہوچکے ہیں، اربوں روپے کی کرپشن وزیراعظم کو نظر نہیں آتی، ایک طرف لوگ بیروزگار، دوسری جانب کروڑوں کا فراڈ ہو رہا ہے۔
 

Advertisement