حکومت کا 2023ء کے انتخابات میں آرٹی ایس کا استعمال جاری رکھنے کا فیصلہ

Published On 03 October,2020 04:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے اعتراض کے باوجود حکومت نے 2023ء کے انتخابات میں آرٹی ایس کا استعمال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ فول پروف تجربے تک اس ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات مسودے کی منظوری دی تو آئندہ انتخابات میں بھی آر ٹی ایس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 13 کے سب سیکشنز 2 اور تین کے رہتے ہوئے آرٹی ایس کا استعمال لازمی ہے۔

مگر الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں ہارڈویئر، سافٹ ویئر کے مسائل ، سمارٹ فون کی دستیابی اور رابطے کے مسائل کے باعث پریذائیڈنگ افسران اس ٹیکنالوجی کا درست استعمال نہیں کر سکے، کئی پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے تصویر کھینچ کر نتائج ریٹرننگ افسران تک نہ پہنچائے جا سکے،زمینی چیلجنز کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 2 اور تین کو ختم کیا جائے۔
 

Advertisement