سیاسی حریف آئینی اداروں کو متنازعہ بنا کر ملک کونقصان پہنچا رہے ہیں: شفقت محمود

Published On 03 October,2020 07:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا کہنا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں ریاست کے تمام ستون اکٹھے ہیں، تمام آئینی ادارے مل کر مشکل مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے سیاسی حریف عدلیہ، فوج اور آئینی اداروں کو متنازعہ بنا کر ملک کونقصان پہنچا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تحقیقاتی اسلامی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی،سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی او) اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار سوشل سائنسز کے اشتراک سے انسداد انتہا پسندی اور امن کے فروغ کیلئے “وائس چانسلرز کنونشن” کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن پنجاب پروفیسر افضل خالد، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس، قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر و چیئرمین وائس چانسلر کمیٹی ڈاکٹر محمد علی، ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد ضیائ الحق، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ضیاء القیوم کے علاوہ وفاق اور صوبوں کی مختلف یونیورسٹیوں کے 100سے زائد وائس چانسلرز،ڈینز، ریکٹرز اور فیکلٹی کنونشن میں شریک تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت تعلیم کا تعاون وفاقی اور صوبائی یونیورسٹیوں کو حاصل ہے، ہماری کوشش ہے کہ یونیورسٹیوں اور وزارت کے درمیان فاصلے کم سے کم ہوں اور اس کے حامی ہیں کہ یونیورسٹیوں کی خود مختاری پر حاوی نہ ہوں، اچھی تجویز دی گئی کہ ایک روزہ وائس چانسلر منعقد کر کے یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کو سن کر ان کا حل نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت سے چینلجز کا سامنا تھا، پیغام پاکستان اس کا حل ہے، وزارت تعلیم نے 15دنوں میں ٹیلی تعلیم کا اجراء کیا،15لاکھ طلباء ایک دن میں دیکھتے تھے، خوشی کی بات ہے کہ یونیورسٹیوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت اقدام اٹھاتے ہوئے آن لائن تعلیم کی طرف گئے۔ کووڈ 19کے چیلنج نے دنیا کو بدل کر رکھا دیا ہے، ہمیں اس چیز کے لئے تیار رہنا ہوگا کہ فاصلاتی تعلیم بڑا کردار ادا کرے گی، اعلی تعلیم کے شعبے میں معیاری تعلیم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست سب کو کرنی چاہیے لیکن اپنی سیاست کی خاطر ملک کے استحکام کو کمزور نہ کیا جائے۔ کہ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں ریاست کے تمام ستون اکٹھے ہیں، تمام آئینی ادارے مل کر مشکل مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے سیاسی حریف عدلیہ، فوج اور آئینی اداروں کو متنازعہ بنا کر ملک کونقصان پہنچا رہے ہیں۔
 

Advertisement