موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی گرفتار، شہباز گل کی تصدیق

Published On 12 October,2020 07:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے نواحی علاقے گجر پورہ کے قریب موٹروے پر خاتون کیساتھ زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم عابد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے تصدیق کر دی۔

خیال رہے کہ 9 ستمبر کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور کے مضافات میں ملزمان فرانسیسی شہریت رکھنے والی خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد ان کا اے ٹی ایم کارڈ لے گئے تھے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی کا فیول ختم ہونے پر موٹروے پر کھڑی تھیں کہ 2 مسلح افراد وہاں آئے اور مبینہ طور پر خاتون اور ان کے بچوں کو مارا، جس کے بعد وہ انہیں قریبی کھیتوں میں لے گئے جہاں خاتون کا ریپ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: زیادتی کیس: ملزم عابد ننکانہ میں پھر چکمہ دیکر فرار

بعد ازاں جمعرات کو سامنے آنے والے شدید عوامی غم و غصے کے بعد حکومت جمعہ کو ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کوششیں کرتی نظر آئی۔

تفتیش کاروں نے ان 2 مشتبہ افراد کے تعاقب میں اپنی مہارت کا استعمال کیا جو شاید اپنی انگلیوں کے نشان اور ڈی این اے اس وقت پیچھے چھوڑ گئے جب انہوں نے متاثرہ خاتون اور بچوں کو زبردستی کار سے نکالنے کے لیے کار کی کھڑکی توڑی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ملزم شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سمیت دیگر جگہوں پر فرار ہو گیا تھا۔

دوسری طرف مانگا منڈی سے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کیس کا دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

زرائع کے مطابق واقعہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو مانگا منڈی کے علاقہ سے سی آئی اے لاہور اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاون منتقل کردیا گیا، ملزم کو ضلع لاہور سے ہی گرفتار کیا گیا، ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی سی آئی اے ماڈل ٹاؤن دونوں ملزم سے تفتیش کر رہے ہیں۔

عابد ملہی اس سے قبل پولیس کو پانچ جگہوں پر چکمہ دینے میں کامیاب ہوا پولیس کی جانب سے پہلے ریڈ شیخوپورہ کے علاقے میں کیا گیا، پھر چھانگا مانگا،ننکانہ صاحب اور قصور میں چھاپے مارے گئے جہاں سے ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا.واقعہ میں ملوث دوسرا ملزم شفقت شناخت پریڈ پر جیل میں بند ہے عابد کو سی آئی اے ماڈل ٹاون میں منتقل کیا جائے گا ۔

اُدھر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عابد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انشاء اللہ قانون کے مطابق سزا ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد ملہی کے 6 مختلف خاکے تیار

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ پولیس تمام معلومات شیئر کرے گی، ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کیس کو خود مانیٹر کر رہے تھے، آئی جی ، سی سی پی او لاہور، پولیس دن رات کام کر رہے تھی۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Advertisement