حکومت جلسہ کے شرکا کو پانی، ماسک اور سینی ٹائزر مہیا کرے گی: شہباز گل

Published On 16 October,2020 11:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت جلسہ کے شرکا کو پانی، ماسک اور سینی ٹائزر مہیا کرے گی، حکومت کورونا سے بچاؤ کے اقدامات ہر صورت کرے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا عمران خان کی حکومت ہر حال میں عوام کی سہولت اور کورونا سے حفاظت کے اقدامات کرے گی، خاندانی کرپشن بچاؤ کوشش میں معصوم عوام استعمال ہو رہی ہے۔

ادھر فواد چودھری نے کہا اپوزیشن نے گوجرانوالہ سٹیڈیم بھرنا تھا، انہوں نے آدھا سٹیڈیم چھوڑ کر سٹیج لگایا، پہلے ہی گنجائش 30 ہزار تھی جو اب 20 ہزار رہ گئی، اتنی جماعتیں مل کر بھی ناکامی کے خوف کا شکار ہیں، یہ عمران خان ہی تھے جنہوں نے مینار پاکستان کا گراؤنڈ بھر دیا تھا، ان سب سے مل کر بھی اس کا آدھا نہیں ہونا۔

دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا اپوزیشن جلسے پر ایک ارب 3 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے، پہلا سوال ہے کہ یہ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے ؟ کورونا کے حوالے سے صورتحال سب کے سامنے ہے، پنجاب کے 2 وزرا کو کورونا ہوگیا ہے، حساس معاملے پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں، ایس او پیز اور شرائط کے ساتھ اپوزیشن کو جلسے کی اجازت دی، یہ 2 لاکھ روپے ماسک پر بھی خرچ کر دیں، دیکھتے ہیں یہ کورونا ایس او پیز پر کس قدر عمل کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد مکس اچار پارٹی ہے، بارہ مصالحوں والی چارٹ تو سنی، گیارہ مصالحوں والی مکس اچار پارٹی اب سن رہے ہیں، اس مکس اچار پارٹی میں اقربا پروری، منی لانڈرنگ کے مصالحے بھی ہیں، ان گیارہ مصالحوں میں جعلی ٹی ٹی کی دال چینی بھی ہے، اس میں جعلی اکاونٹس کے لونگ بھی ہیں، یہ مصالحے بڑے تیکھے ہیں، پہلے ہی ان مصالحوں نے پاکستان کی معیشت اور عوام کے معدوں کو السر اور کینسر کیا ہوا، اگر مزید تیکھے مصالحے استمعال کئے تو پاکستان کی معیشت کا معدہ خراب ہوگا۔
 

Advertisement