فیصل آباد میں فضائی آلودگی میں اضافے کے بعد ائیر کوالٹی انڈیکس 300 تک پہنچ گیا

Published On 04 November,2020 03:42 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں فضائی آلودگی میں اضافے کے بعد ائیر کوالٹی انڈیکس 300 تک پہنچ گیا۔ انسدادا سموگ اقدامات کی کارروائیاں بے کار، دھواں چھوڑتی گاڑیاں اور فیکٹریوں کی چمنیاں فضائی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں۔

فیصل آباد میں فضائی آلودگی میں اضافے نے شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پنجاب حکومت کی جانب سے انسداد سموگ کارروائیاں کرنے کا حکم بھی کارآمد ثابت نہ ہوا، سموگ کے سبب معمولات زندگی متاثر ہونے سمیت بیماریاں بھی پھیلنے لگیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے درجن بھر سے زائد صوبائی اداروں کو انسداد سموگ اقدامات کی ہدایات کی گئیں جو نظر انداز کر دی گئیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات فرحت عباس نے کہا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

گزشتہ 4 سالوں سے موسم سرما کے آغاز سے قبل ہی معمولات زندگی متاثر کرنے والی سموگ کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے حکمت عملی مرتب نہ دینے پر شہریوں کی جانب سے اداروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔


 

Advertisement