فیصل آباد میں کینسر مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ، علاج کی سہولتیں نایاب

Published On 22 October,2020 09:52 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے کینسر کی آگاہی کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔ فیصل آباد میں مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے لیکن ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں نایاب ہیں۔

پاکستان میں کینسر کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ سالانہ کینسر کے 90 ہزار نئے مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔ الائیڈ ہسپتال کا کینسر وارڈ پورے سینٹرل پنجاب کے مریضوں کے لئے واحد سرکاری علاج گاہ ہے۔ کینسر وارڈ میں روزانہ سینکڑوں مریض چیک اپ کے لئے آتے ہیں جبکہ ہسپتال میں انتہائی رش کے باعث کیمو تھراپی اور ریڈیو تھراپی کے لئے مریضوں کو کئی روز تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ حکومت دیگر ہسپتالوں میں بھی کینسر وارڈز بنائے۔

انچارج کینسر وارڈ ڈاکٹر محمد خالد کے مطابق وارڈ میں 8 اضلاع کے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ عوامی آگہی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلعی سطح پر کینسر وارڈ قائم ہونے سے مرض کی بروقت تشخیص ممکن ہوسکتی ہے جس سے مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔

کینسر کی ادویات عام طور پر انتہائی مہنگی ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی قلت کے باعث مریض سوشل ویلفئیر اور بیت المال کے چکر لگانے پر بھی مجبور ہیں۔
 

Advertisement