ایرانی وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

Published On 11 November,2020 02:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستان ہم منصب شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کادورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک ایران وسیع تعاون سے خطے کے امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام اور افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے۔ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل، پاک ایران بارڈر منیجمنٹ پر بھی غور کیا گیا۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات میں کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے مواقعوں اور روابط کے فروغ کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے صحن میں پودا بھی لگایا۔
 

Advertisement