وزیراعظم تربت پہنچ گئے، گورنر امان اللہ یاسین اور وزیراعلیٰ جام کمال نے استقبال کیا

Published On 13 November,2020 10:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم تربت پہنچ گئے، گورنر امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ جام کمال نے استقبال کیا۔ وزیر اعظم ، وزیراعلی جام کمال اور گورنر بلوچستان سے ملاقات کریںگے۔

 وزیراعظم بلوچستان میں سی پیک منصوبہ کی نئی شاہراہ کا افتتاح کریں گے۔ عمران خان بلوچستان کے لیے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔ وزیر اعظم صوبائی ممبران اسمبلی اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔ وفاقی وزیر مراد سعید، شبلی فراز، اسد عمر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بلوچستان کی ترقی ملکی ترقی کا باعث بنے گی، وزیراعظم کا دورہ بلوچستان خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا، معاشی و سماجی ترقی کے ذریعے صوبے کے عوام کا احساس محرومی دور کریں گے، آگے بڑھنے کے یکساں مواقعوں سمیت ترقی کے نئے عہد کا آغاز ہوگا۔

دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا وزیراعظم آج تربت میں بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، یہ منصوبے کئی ماہ کی محنت سے تقریباً ایک درجن وفاقی وزارتوں کی مدد سے تیار کئے گئے ہیں۔

ادھر فواد چودھری کا کہنا تھا معیشت کی بحالی بہت بڑی کامیابی ہے، بیرون ملک ترسیلات مسلسل پانچویں ماہ 2 ارب ڈالر سے اوپر ہیں، برآمدات اور صنعت بھی ترقی کی طرف گامزن ہے، ٹیکسٹائل اور تعمیرات میں لاکھوں لوگ نوکریوں پر لگے ہیں۔

 

 

Advertisement