حکومت کا پی ڈی ایم کو پشاور میں جلسے کی اجازت دینے سےانکار

Published On 20 November,2020 01:31 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو شہر میں‌ جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، اعلامیے کے مطابق کورونا وبا میں شدت آنے کے سبب جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی.

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کو پشاور میں جلسے کی اجازت سے انکار دیتے ہوئےضلعی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ عوامی اجتماع کےباعث کورونا مزید پھیلنےکا شدید خدشہ ہے، شہر میں کورونا کی دوسری لہر آنے کے سبب کیسز میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ ہدایات کے باوجود جلسہ کرنے پر اصرار کیا گیا تو پی ڈی ایم قیادت کیخلاف مقدمات درج ہونگے۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کورونا میں اضافہ ہوا تو ذمہ دار اپوزیشن ہوگی۔

 


 

Advertisement