رہنما ایم کیو ایم عادل صدیقی کورونا کے باعث انتقال کر گئے

Published On 30 November,2020 08:54 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے نجی ہسپتال میں ایم کیو ایم رہنما اور سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی کورونا کا شکار ہو کر انتقال کرگئے۔ عادل صدیقی کچھ دنوں سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق ممبر عادل صدیقی کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا تھے، انہیں کورونا کے باعث طبعیت خراب ہونے پر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری اور دیگر نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ عادل صدیقی جگر کے کینسر میں بھی مبتلا تھے۔ عادل صدیقی رواں ماہ جلا وطنی کے بعد دبئی سے پاکستان آئے تھے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 25 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہزار 35، سندھ میں ایک لاکھ 73 ہزار 14، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 190، بلوچستان میں 17 ہزار 158، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 649، اسلام آباد میں 30 ہزار 123 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 855 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 55 لاکھ 8 ہزار 810 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 302 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 41 ہزار 423 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 46 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 25 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 991، سندھ میں 2 ہزار 924، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 368، اسلام آباد میں 314، بلوچستان میں 166، گلگت بلتستان میں 97 اور آزاد کشمیر میں 165 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement