علی قاسم گیلانی کی ضمانت منظور، 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ بھی خارج

Published On 30 November,2020 01:17 pm

ملتان: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کی ضمانت منظور کر لی، ان کے خلاف مقدمہ بھی خارج کر دیا گیا ہے.

علی قاسم گیلانی کے بھائی علی حیدر کا کہنا ہے کہ ملتان جلسے کو روکنے کیلئے حراست میں لئے گئے علی قاسم گیلانی کی روبکار ڈسٹرکٹ جیل پہنچا دی گئی ہے۔ ان کے خلاف 16 ایم پی او کے تحت درج کیا جانے والا مقدمہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔

28 نومبر کی رات ملتان میں قاسم باغ کے گرد حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب پی ڈی ایم کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کے راستوں کو کھولنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس بھی حرکت میں آئی۔ جیالوں اور متوالوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں کئی پکڑے گئے۔ پولیس نے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کو تھانہ گلگشت منتقل کیا جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے 30 روز کیلئے نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔۔ ان پر شر پسندی، نقص امن اور کورونا ایس او پیز کے خلاف ورزی سمیت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

 

Advertisement