کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں ملیں گی: فردوس عاشق اعوان

Published On 07 December,2020 06:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے ایس اوپیز پر ہر حال میں عمل کیا جائے گا، جو بھی خلاف ورزی کرے گا، اسے سزا ملے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت کورونا ایمرجنسی سے گزر رہے ہیں۔ دفاتر، مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور عوامی مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ جہاں کیسززیادہ وہاں اسمارٹ مائیکرولاک ڈاؤن ہوگا۔ کورونا ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر سزاؤں کی تجویز این سی او سی کو پیش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت کورونا سے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہی ہے تو دوسری طرف بے روزگار سیاست دانوں کی فوج لوگوں کو کورونا کی بھٹی میں جھونک رہے ہیں۔ سیاسی آلودگی پھیلانے والے سن لیں، داتا کی نگری میں رسوائی آپ کا مقدر بننی ہے۔

معاون خصوصی نے مریم نواز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راجکماری صاحبہ نے کنیزوں کے جھرمٹ میں حکومت کو دھمکیاں دیں۔ کھوکھلی تحریک کی ملتان میں موت واقع ہوئی، لاہور میں ان کے کے بیانیے کا جنازہ نکلتے نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز، وزیراعظم کا استعفی مانگنے نکلی تھیں، انھیں اپنے استعفے دینے کا سفر مبارک ہو۔ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں اعلان کیا تھا کہ ہر جمعے کو تحریک چلایا کریں گے۔ پچھلے جمعے نمازیوں اور باشعور شہریوں نے ان کے بیانیے پر اوس ڈال۔


 

Advertisement