لانگ مارچ یا استعفوں کی باری ؟ پی ڈی ایم قیادت اسلام آباد میں سر جوڑ کر بیٹھ گئی

Published On 08 December,2020 09:04 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں استعفے دینے یا لانگ مارچ سے متعلق بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔

 پی ڈی ایم کے سربراہوں کے اہم اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز شریف، محمود خان اچکزئی شریک ہیں۔ آفتاب شیرپاؤ، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، شیری رحمان، پر وفیسر ساجد میر سمیت دیگر بھی موجود ہیں۔

 مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اجلاس میں 13 دسمبر کے جلسے کے حوالے سے حکمت عملی زیر غور آئے گی۔ پی ڈی ایم رہنما جلسے کے بعد کی حکمت عملی پر بھی غور کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈا زیر غور ہے۔ پی ڈی ایم رہنما ضلوں میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی تجویز پر غور کریں گے۔ پی ڈی ایم رہنما لانگ مارچ، اسملبی اور سینٹ سے استعفے دینے کی تجویز پر بھی غور کریں گے۔

ادھر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک عوامی ہے، یہ نہیں رکے گی، لاہور کے جلسے سے ان کی جان نکلی ہوئی ہے، حکومت اب خود جانے والی ہے، اس کی ایف آئی آر کہیں سٹینڈ نہیں کرتی، تحریک حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ لاہور جس طرح سے کل نکلا پوری دنیا نے دیکھا، مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام پی ڈی ایم اور نواز شریف کی طرف دیکھتے ہیں، کبھی سنا ہے کسی جلسے پر 3، 3 ہزار ایف آئی آر کٹی ہوں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں ساری آپشنز زیر غور ہیں، کچھ چیزوں پر کافی ڈسکشنز ہو چکی ہیں، آج کی میٹنگ اہم ہے، اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہی ہے، یہ عوام کی تحریک ہے، یہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کی تحریک ہے، مریم نواز ہو یا کوئی اور، یہ تحریک کبھی نہیں رکے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر اور رانا منور غوث نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرا دیئے۔

سرگودھا سے ایم پی اے رانا منور غوث پارٹی قیادت کو پہلے ہی اپنا استعفی جمع کرواچکے ہیں جبکہ اب ن لیگ کے ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر نے بھی اپنے استعفے جمع کرا دئیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو استعفی بھجوا دیا ہے۔

استعفی میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات اور قوم کی بہتری کے لئے سلیکٹڈ حکومت سے نجات ضروری ہے، حکومت ملک و قوم پر بوجھ بن چکی ہے، اس کو گھر چلے جانا چاہیے، صوبائی اسمبلی سیٹ حلقہ پی پی 165 سے مستعفی ہوتا ہوں۔

سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مجھے قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں، پارٹی قیادت کے فیصلوں کا مکمل پابند ہوں۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام رہنما استعفے دینے کو تیار ہیں۔

 

Advertisement